لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے ڈیرہ غازی خان، راجن پور، مظفر گڑھ اور میانوالی کے سیلاب متاثرین کیلئے مالی امداد کا اعلان کردیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ کی زیر صدارت لاہور میں اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران پرویز الہیٰ نے سیلاب سے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے لیے مالی امداد اور دیگر نقصانات کے ازالہ کے احکامات جاری کردیئے۔
پرویز الہیٰ نے کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو 8،8 لاکھ روپے مالی امداد دی جائے گی جبکہ گھروں، فصلوں اور مویشیوں کے نقصانات کا تخمینہ لگا کر متاثرہ افراد کی مالی معاونت ہوگی۔
متاثرہ علاقوں میں سڑکوں کی جلد تعمیر اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے وبائی امراض سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کے بھی احکامات جاری کئے۔
پرویز الہیٰ نے سانپ کے کاٹنے اور ہیضہ سے بچاؤ کی ادویات کی میڈیکل کیمپس میں دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ریلیف کی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ بہن بھائیوں کوتنہا نہیں چھوڑیں گے ،میں خود بھی جلد سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کروں گا۔