کوئٹہ: بلوچستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش اور سیلاب سے مزید 9 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 136ہوگئی۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بارشوں سے ہونے والے اب تک کے نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کر دی۔
مزید پڑھیں: بلوچستان میں طوفانی بارشوں کی تباہ کاریاں، ہلاکتوں کی تعداد 111 ہوگئی
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق، صوبے میں حالیہ بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں جاں بحق ہونے والے 136 افراد میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے، جاں بحق ہونے والوں میں 56 مرد ،33 خواتین اور 47 بچے شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اموات بولان، کوئٹہ، ژوب، دکی، خضدار ،کوہلو، کیچ، مستونگ، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ اور سبی میں ہوئیں۔
مزید پڑھیں: بلوچستان میں تباہ کن بارشوں نے 120 انسانی جانیں نگل لیں
پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے دوران حادثات کا شکار ہوکر 70 افراد زخمی ہوئے، زخمیوں میں 46 مرد ،10 خواتین اور 14 بچے شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مجموعی طور پر صوبے بھر میں13 ہزار 535 مکانات منہدم اور جزوی نقصان پہنچا ہے۔
بارشوں میں 640 کلو میٹر پر مشتمل مختلف 6 شاہرائیں شدید متاثر ہوئی ہیں، بارشوں کے باعث مختلف مقامات پر 16 پل ٹوٹ چکے ہیں۔
مزید پڑھیں: بلوچستان میں بارش اور سیلاب سے تباہی، اموات کی تعداد 127 ہوگئی
پی ڈی ایم رپورٹ کے مطابق بارشوں سے 23 ہزار 13 مال مویشی مارے گئے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 19 لاکھ 79 ہزار 30 ایکڑ زمین پر کھڑی فصلیں تباہ ہوئیں، اس کے علاوہ سولر پلیٹس، ٹیوب ویلز اور بورنگ کو نقصان پہنچا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف بلوچستان پہنچ گئے
وزیراعظم شہبازشریف ایک روزہ دورے پر بلوچستان پہنچ گئے،جہاں وہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔
وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ وزیراعظم شہبازشریف سیلاب سے متاثر افراد سے ملاقات کے لیے بلوچستان پہنچ گئے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف خشنوب، ضلع قلعہ سیف اللہ میں سیلاب متاثرین کیلئے قائم کردہ خیمہ بستی چمن میں سیلاب زدہ علاقوں کے دورے کے لئے کوئٹہ پہنچ گئے ۔ راستے میں این ڈی آیم اے چئیرمین نے ریسکیو ریلیف اور امددای کاروائی پہ بریفنگ دی۔ pic.twitter.com/WYJO4DIFfV
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) August 1, 2022
وزیراعظم شہباز شریف کو کوئٹہ ائیرپورٹ پر بلوچستان میں سیلاب زدہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو ریسکیو ریلیف اور امددای کارروئی پر بریفنگ دی۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم کا سیلاب سے متاثرہ اضلاع ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان کا دورہ ملتوی
وزیرِ اعظم شہباز شریف کوئٹہ سے قلعہ سیف اللہ روانہ ہوگئے جہاں وہ خشنوب خیمہ بستی میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کریں گے۔