پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے تمام جماعتوں کے فنڈنگ کیس کا فیصلہ ایک ساتھ سنانے کا مطالبہ کردیا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن ن لیگ، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کے کیسز کا فیصلہ ایک ساتھ سنائے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی حکمران اتحاد کے لوگوں سے ملاقات ہوئی، جس میں میں پی ٹی آئی فنڈنگ کیس سے متعلق بحث کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر اعلیٰ عدالتوں کے ججز کے مطابق تنخواہ لیتا ہے، چیف الیکشن کمشنر اور ممبران پر ججز والا کوڈ آف کنڈکٹ لاگو ہوتا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمشنر کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔
فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے بحران کی بڑی وجہ عام انتخابات کا نہ ہونا ہے، انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری تھی۔
رہنما تحریمک انصاف نے کہا کہ ایک اور لوٹا انجام کو پہنچ گیا ہے، سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے والوں کا کوئی مستقبل نہیں، ووٹرز کو دھوکا دینے والوں کا سیاسی مستقبل ختم ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے سیاسی پارٹیوں میں جمہوریت آئے گی، سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق پارلیمانی پارٹی طاقت ور ہے۔