ایک طرف عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، تو وہیں نیپرا نے بجلی ایک بار پھر مہنگی کرکے بوجھ میں مزید اضافہ کردیا۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے صارفین کے لئے بجلی فی یونٹ 50 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔
نیپرا نوٹیفکیشن کے مطابق قیمتوں میں اضافہ مالی سال کی تیسری سہ ماہی کی مد میں کیا گیا ہے۔
موجودہ اضافے سے عوام پر 12 ارب 76 کروڑ روپے سے زائد اضافی بوجھ پڑے گا، جبکہ فیصلے کا اطلاق 50 یونٹ والے لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی صارفین کو 3 ماہ تک اضافی ادائیگیاں کرنا ہوں گی، جن کااطلاق ستمبر کے بلز سے ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نیپرا نے ماہانہ بنیادوں پر سرکاری ڈسکوز اور کے- الیکٹرک کے لئے بھی بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔
قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ بھی جلد جاری کئے جانے کا امکان ہے۔