Aaj Logo

اپ ڈیٹ 30 جولائ 2022 02:56pm

فنانشل ٹائمز کی رپورٹ میں نئی بات کیا ہے؟ فواد چوہدری

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ممنوعہ اور فارن فنڈنگ میں زمین آسمان کا فرق ہے، پی ٹی آئی کا کیس ممنوعہ فنڈنگ میں آتا ہے نہ فارن میں

گزشتہ روزبرطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کی رپورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کوعرب ملک سے فنڈنگ کے انکشاف سے متعلق آج نیوز سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ فنانشل ٹائمز کی جو کل کی اسٹوری آئی ہے، یہ تمام چیزیں پہلے ہی الیکشن کمیشن کے سامنے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ مجھے سمجھ نہیں آتا کہ حکمران اتحاد اوورسیز پاکستانیوں کے اتنے خلاف کیوں ہے، پہلے ان سے ووٹ کا حق لے لیا اب یہ باقاعدہ پروپیگنڈہ کے تحت اوورسیز پاکستانیوں کو روک رہے ہیں کہ وہ پی ٹی آئی کو فنڈنگ نہ کریں۔

رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ فنڈنگ کا یہی طریقہ ہوتا ہے دنیا میں کہ آپ کرکٹ میچز کراتے ہیں آپ کنسرٹس کراتے ہیں، شوکت خانم ہر سال 9 ارب جمع کرتا ہے، اب تک 70 ارب سے زیادہ شوکت خانم خرچ کرچکا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نے نامنظورڈاٹ کام سے 5 دنوں میں 47 کروڑ روپے اکٹھا کیا ہے، تو پی ٹی آئی ایسے ہی فنڈنگ کرتی ہے اور پوری دنیا میں بھی ایسی فنڈنگز ہوتی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ فنانشل ٹائمزکی رپورٹ میں ایسی کیا نئی بات ہے جو ہمیں نہیں پتا، ہمیں جو پیسہ ملا ہے ہم نے ڈکلیئر کیا ہے ۔

Read Comments