Aaj Logo

شائع 30 جولائ 2022 11:32am

منی لانڈرنگ کیس: شہبازشریف اور حمزہ پر فردجرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر

اسپیشل جج سینٹرل نے شوگر مل کے ذریعے 25 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان کو فرد جرم عائد کرنے کیلئے طلب کرلیا-

اسپیشل جج سینٹرل ون نے شوگر مل کے ذریعے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی۔

وکیل نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائرکرتے ہوئے ان کی کمر کی تکلیف کے حوالے سے میڈیکل سرٹیفکیٹ جمع کروایا جبکہ شہباز شریف کی قومی مصروفیت کو وجہ بتایا گیا، جسے عدالت نے منظور کرلیا۔

ایف آئی اے نے مقصود احمد کی موت کا تصدیق نامہ عدالت میں جمع کروایا اورسلمان شہباز کی جائیداد اور اکاؤنٹس کی تفصیلات جمع کرواتے ہوئے جائیداد قرق کرنے کی استدعا کی۔

حمزہ شہباز کے وکیل نے بتایا کہ عدالت کو دیکھنا ہے کہ اکاؤنٹس ذاتی ہیں یا کمپنی کے جن میں پیسے آئے، قانون کے مطابق ملزم کے اشتہاری قرار دئیے جانے کے دو سال تک اگر وہ پیش ہو کر اپنا جواب جمع نہ کروائے تو جائیداد ضبط کی جاسکتی ہے۔

ایف آئی اے کے وکیل نے بتایا کہ یہ قانونی مسئلہ ہے اس پر کوئی اعتراض نہیں کیا جاسکتا۔

عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان کو فرد جرم عائد کرنے کیلئے طلب کرتے ہوئے سماعت سات ستمبر تک ملتوی کردی۔

Read Comments