وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ سیلابی صورتحال کے بعد بلدیاتی الیکشن سیاسی قائدین کی مشاورت سے ملتوی کریں گے البتہ سیلاب متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کرنے لیے تمام وسائل استعمال کررہے ہیں۔
عبدالقدوس بزنجو نے ضلع لسبیلہ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی دورہ کیا، بعدِ ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اس معاملے پر آن بورڈ ہیں، موسمی حالات کے پیش نظر ریلیف سرگرمیوں میں کچھ مسئلہ ضرور ہوا تاہم متاثرین کو ریلیف پہنچانے کی ہرممکن کوشش جاری ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے ڈپٹی کمشنر لسبیلہ کو مخاطب کرتے کہا کہ متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے میں کسی قسم کی کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی، ریلیف ہر متاثرہ شخص تک پہنچایا جائے۔
مزید پڑھیں: بلوچستان میں طوفانی بارشوں کی تباہ کاریاں، ہلاکتوں کی تعداد 111 ہوگئی
سیلاب کے دوران قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انسان کا متبادل کچھ نہیں ہوسکتا تاہم بلوچستان حکومت نے جاں بحق افراد کے لواحقین کی مالی معاونت کا سلسلہ فوری شروع کر کردیا ہے۔
عبدالقدوس بزنجو نے مزید کہا کہ بارش اور سیلابی صورتحال کے سلسلے میں صوبائی حکومت لمحہ بہ لمحہ باخبر رہی، چیف سیکرٹری روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس لے رہے ہیں جب کہ وہ سیلاب متاثرہ علاقوں کے وزٹ کے اس لئے قائل نہیں کیونکہ اس سے پوری انتظامی مشنری وزیراعلٰی کے ہمراہ رہتی ہے اور اس سے ریلیف سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ ایسے ہنگامی حالات پر وزیراعلٰی کے دورے کے دوران ایک انتظامی آفیسر بریفنگ کے لئے موجود ہو تاکہ دیگر انتظامی افسران ریلیف سرگرمیاں جاری رکھیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت ریلیف سرگرمیوں کے لئے ہر ممکن وسائل فراہم کرے جہاں بجلی کے پولز اور پی ایم ٹیز متاثر ہیں انہیں فوری بحال کیا جائے حب کہ صنعت کاروں سے سی ایس آر فنڈ کی تفصیلات لے کر رقم ڈپٹی کمشنر کے زریعے خرچ کی جائے۔