اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے چوہدری پرویز الہیٰ کو وزیراعلیٰ پنجاب بننے پر مبارکباد دی ہے۔
بدھ کے روز چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے ملاقات کی، جس میں ان کے صاحبزادے مونس الہیٰ بھی موجود تھے۔
ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ پنجاب کابینہ کی تشکیل پر بھی مشاورت کی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہیٰ اورسابق وزیراعظم عمران خان نے اتفاق کیا کہ پنجاب کے عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔
عمران خان نے کہا کہ عوام کو ریلیف کے لیے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے، پنجاب کی عوام نے چوروں کے ٹولے کو مسترد کردیا ہے۔
پرویز الہیٰ نے وزارت اعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھالیا
گزشتہ روز گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کی معذرت کے بعد چوہدری پرویز الہٰی ایوانِ صدر میں تقریبِ حلف برداری کے لیے گورنر ہاؤس سے اسلام آباد روانہ ہوئے تھے۔
جہاں پرویز الہیٰ نے وزارت اعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا، صدر مملکت عارف علوی نے رات 2بجے ان سے عہدے کا حلف لیاتھا۔
ڈپٹی اسپیکرکی رولنگ کالعدم قرار،پرویز الہیٰ پنجاب نئے وزیراعلیٰ پنجاب منتخب
اس سے پہلے سپریم کورٹ نے چوہدری پرویز الہٰی کی درخواست منظور کرتے ہوئے وزیرِاعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کی رولنگ کالعدم قرار دے دی تھی جبکہ پرویز الہیٰ کو پنجاب کا وزیراعلیٰ قرار دیا تھا۔