کراچی: ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے بلدیاتی انتخابات ملتوی نہیں کروائے، پیپلزپارٹی بلدیاتی انتخابات کیلئے پہلے سے تیار تھی۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پی ٹی آئی والے اتنے لاعلم ہیں کہ ان کے سندھ کے صدر علی زیدی صاحب نے ٹویٹ کیا کہ حیدرآباد میں پی پی نے بندے نہیں کھڑے کیے۔۔۔ علی بھائی آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ کچھ پڑھ لیا کروں، حیدرآباد کارپوریشن کی 160 یونین کمیٹیز میں سے 157 امیدوار پی پی نے امیدوار کھڑے کیے ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سندھ حکومت کا موقف واضح ہے کہ الیکشن شیڈیول کے مطابق ہونے چاہیے، ہم بلدیاتی اختیارات کیلئے قانون میں ترامیم لا رہے ہیں تاکہ اور زیادہ اختیارات منتخب بلدیاتی نمائندوں کو منتقل کیے جائیں۔
بلدیاتی اختیارات کا بل سندھ اسمبلی کمیٹی میں زیر بحث ہے
انہوں نے مزید کہا کہ بلدیاتی اختیارات کے حوالے سے ہمارا بل سندھ اسمبلی کی سلیکٹ کمیٹی میں زیر بحث ہے جس میں ہر سیاسی جماعت کی نمائندگی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سلیکٹ کمیٹی ان قوانین پر بات اور بحث کر رہی ہے۔۔ ہمیں قانون کے مطابق اختیارات کا فیصلہ کرنا ہے اور اس کا الیکشن سے اور حلقہ بندیوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ آج ہم پر الزام لگا رہے ہیں کہ ہم نے الیکشن ملتوی کرائے ہیں میں ان کے اس بیان کی سختی سے تردید کرتا ہوں اور یہ واضح کرنا چاہوں گا کہ ہم تو الیکشن کیلئے تیار تھے۔