اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مزید طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری کردیا ۔
محکمہ موسمیات اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) کے مطابق 24 جولائی سے شمالی بلوچستان سمیت ملک بھر میں مزید طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
حالیہ طوفانی بارشوں کے باعث کوئٹہ، مستونگ، قلات، خضدار، لسبیلہ، سبی، بارکھان ، ہرنائی اور پنجگور میں مختلف حادثات اور پانی میں بہہ جانے سے اب تک 28 خواتین اور 11بچوں سمیت 88 افراد جان سے ہاتھ دھوبیٹھے جبکہ 3ہزار سے زائد مکانات منہدم ہوچکے ہیں۔
سیلابی ریلوں اور ٹریفک حادثات کے باعث اب تک 82 مویشی ہلاک اور 62 افراد زخمی ہوئے ہیں ۔
مزید بارشوں سے بولان، سبی، ہرنائی اور لسبیلہ کے علاقوں میں راستے دوبارہ بند ہونے کا اندیشہ ہے ۔
ادھر محکمہ پی ڈی ایم اے دیگر اداروں کے ساتھ متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے لیکن وسائل کی کمی آڑے آرہی ہے ۔
ملک کے بیشترعلاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری
دوسری جانب ملک کے بیشترعلاقوں میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات نے پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، آزاد کشمير گلگت بلتستان اور شمال مشرقی بلوچستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
موسلادھار بارش کے باعث راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، نوشہرہ، مردان، فیصل آباد، لاہور اور گوجرانوالہ میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔
اس دوران کشمیر، گلیات، مری، چلاس، دیامیر، گلگت، ہنزہ، استور اور اسکردو میں لینڈ سلائیڈنگ اور برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
لاہور میں سب سے زیادہ بارش تاج پورہ میں 224 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، اس کے علاوہ لاہور ایئرپورٹ پر159، مغل پورہ میں 158، لکشمی چوک میں 128، سیالکوٹ میں 156، نارووال میں 147، قصور میں 73، گجرات میں 68، راولپنڈی میں 60، مری میں 45 اور خضدار میں 30 ملی میٹر بارش ہوئی۔
سندھ کی بات کی جائے تو کراچی ڈی ایچ اے میں 6، کورنگی میں 2، یونیورسٹی روڈ اور ٹھٹہ میں ایک ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
بارش کے باوجود متعدد علاقے سخت گرمی کی لپیٹ میں ہیں، نوکنڈی میں 46 اور دالبندین میں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔