Aaj Logo

اپ ڈیٹ 20 جولائ 2022 07:57pm

22 جولائی کو کوشش ہوگی کہ حمزہ شہباز وزیراعلیٰ برقرار رہیں: بلال اظہر کیانی

وزیراعظم کے کور آرڈینیٹر برائے معیشت و توانائی بلال اظہر کیانی کا کہنا ہے کہ 22 جولائی کو انتخابات میں آئینی کردارادا کریں گے،کوشش ہوگی حمزہ شہباز وزیراعلیٰ رہیں۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت معیشت کے حوالے سے جھوٹ بولتی ہے، 2018 میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت چھ فیصد شرح نمو چھوڑ کر گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے چار سال کو تباہی کی، اس متعلق عوام کو معلوم ہونا چاہیئے،تحریک انصاف بار بار اپنے وزرا خزانہ تبدیل کرتی رہی، ان کے دورِ حکومت میں 60 لاکھ لوگ بیروزگار ہوئے، ایک کروڑ 23 لاکھ لوگ شرح غربت سے نیچے چلے گئے۔

وزیراعظم کے کور آرڈینیٹر نے مزید کہا کہ پنجاب میں 22 جولائی کو انتخابات میں آئینی کردارادا کریں گے لیکن ہماری کوشش ہوگی حمزہ شہباز وزیراعلیٰ برقرار رہیں۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے نومبر 2021 میں اس وقت کے وزیر خزانہ شوکت ترین نے معاہدہ کیا، جب دیکھا حکومت جارہی ہے تو بچی کُھچی معیشت کو بھی آگ لگا کر آئی ایم ایف پروگرام سے اعتماد میں لئے بغیر نکل گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ مفاد چوہدری جیسے لوگ یہاں آکر لیکچر دیتے ہیں، یہ سب پارٹیوں میں گئے لیکن مسلم ن لیگ نے انہیں لینے سے انکار کردیا تھا۔

Read Comments