لاہور کے حلقہ پی پی 168 کے ضمنی الیکشن میں ووٹوں کی مبینہ خریداری کے الزام میں پولیس نے تحریک انصاف کے ایک کارکن کو گرفتار کر کے سینکڑوں شناختی کارڈ تحویل میں لے لئے۔
پولیس کے مطابق ملزم خالد حسین نے اپنا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے بتایا اور لوگوں کو دو سے تین ہزار روپے فی کارڈ دینے کا انکشاف کیا۔
ملزم نے اپنے بیان میں بتایا کہ اس کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے، اسے پی پی 168 سے لوگوں نے شناختی کارڈ دئیے تھے۔
خالد حسین کا موبائل ڈیٹا بھی منظر عام پر آ گیا ہے جس کے مطابق وہ پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب اور حافظ فرحت سے رابطے میں تھا۔
پولیس کا کہنا تھا ملزم خالد نے خریدے گئے ووٹوں کی تفصیلات اور جمع شدہ شناختی کارڈز کی وڈیو فرخ حبیب کو بھیجی تھیں۔
الیکشن کمیشن نے ووٹوں کی خریداری کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔