محکمہ موسمیات نے سندھ اور بلوچستان کی ساحلی پٹی پر بادلوں کی دوبارہ کھل کر برسنے کی پیشگوئی کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مسلسل داخل ہو رہی ہیں، 14 جولائی کو ہوا کا کم دباؤ صوبہ سندھ کے علاقوں میں شدت کے ساتھ داخل ہوگا۔
جس کے باعث 14 سے17 جولائی کے دوران کراچی، حیدر آباد، ٹھٹہ، بدین سمیت سندھ اور بلوچستان کی ساحلی پٹی پر تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی توقع ہے۔
دوسری جانب 13 سے15 جولائی کے دوران اسلام آباد، کشمیر وسطی پنجاب میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش جبکہ کہیں کہیں موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔
خیال رہے کہ سندھ اور بلوچستان میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔
علاوہ ازیں 13 اور 14 جولائی کو راولپنڈی/ اسلام آباد، پشاور، نوشہرہ، مردان، فیصل آباد،لاہور اور گوجرانوالہ میں بھی نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات خبردار کیا ہے کہ اس دوران کشمیر،گلیات ، مری ،چلاس، دیامیر، گلگت،ہنزہ، استور اوراسکردومیں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
تاہم مسافر اور سیاح موسمی حالات کو مدنظر رکھ کر سفر کریں اور سفر کے دوران محتاط رہیں۔