لاہور: عید سعید کے موقع پر ملکی طبی ماہرین نے عوام کو منفرد پکوان سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ صحت کو متاثر نہ کرنے کیلئے احتیاط برتنے کی ہدایات دی ہیں۔
عید قربان پر مزیدار اور لذیذ پکوان کھانے کے لیے ہر کوئی بیتاب ہے مگر طبی ماہرین کہتے ہیں کہ مرغن پکوان اعتدال پسندی سے کھائیں اور کھانے کے ساتھ لیموں دہی اور سلاد کے استعمال کو یقینی بنائیں۔
اس بکرا عید پر ہر کوئی مزیدار پکوانوں کی فہرست بناچکا ہے، مزیدار کلیجی، قورمہ، ران روسٹ، گردوں کی کڑاہی، سینے کے گوشت کی بریانی یعنی ہر کھانے پر خوب ہاتھ صاف ہوں گے۔
بکرے یا گائے کے نرم گوشت کے کباب اور سری پائے کھانا تو کوئی نہیں چھوڑ سکتا مگر طبی ماہرین نے کہا کہ مرغن ڈشز کے ساتھ دہی لیموں اور سلاد کو کھانا ہرگز نہ بھولیں۔
ڈاکٹرز کہتے ہیں کہ عید کے تینوں روز شہری میانہ روی اختیار کریں تو کھانوں سے لطف اندوز بھی ہوں گے اور صحت بھی برقرارہے گی۔