صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سمیت اُمت مسلمہ کو عید قربان کے موقع پر مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
صدر علوی نے کہا کہ نے عید الاضحٰی کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ عید کے مبارک اور پُر مسرت موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستانی قوم اور پوری ملت اسلامیہ کی عبادات، حج اور قربانیاں قبول فرمائے۔
عارف علوی نے کہا کہ قربانی کا اصل مقصد اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لئے نفسانی خواہشات کی قربانی ہے، وطن عزیز معاشی لحاظ سے مشکل حالات سے دوچارہے، لیکن ہمیں ایثار اور قربانی جیسے جذبات کو بروئے کار لانے کی اشد ضرورت ہے۔
صدر مملکت عارف علوی نے مزید کہا کہ ذاتی مفاد، حرص اور خود غرضی کے بجائے اخوت، ایثار، محبت اور غم خواری کے جذبات اپنانا ہوں گے، اپنے ارد گرد ضرورت مندوں اور بے سہارا لوگوں کی مدد کریں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ قربانی کا اصل مفہوم اللہ رب العزت کی اطاعت و فرمانبرداری ہے، اللہ تعالیٰ اپنے اطاعت گزار بندوں کی نیت دیکھتا ہے اور اسی کی بنیاد پر اجر عطا فرماتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حضرت ابراہیم (ع) اور ان کے عظیم فرزند حضرت اسماعیل(ع) کی سیرت پاک کی پیروی میں ہی ہم سب کی نجات ہے۔ یتیموں، بیوائوں، بے کسوں اور ناداروں کی مدد کرکے ہم اس عظیم دن کا حق ادا کر سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر مشکلات و مصائب کے شکار بھائیوں بہنوں کی مدد پر خصوصی توجہ دی جائے، مہنگائی کی عالمی لہر کے اثرات کی وجہ سے اپنے ارد گرد موجود ضرورت مندوں اور سفید پوشوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کریں۔
شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ افراد کو نہ بھولیں، ان کی بھرپور مدد کریں، مشکل کی اس گھڑی میں ان کی غم گساری ہمارا فرض ہے۔ نوجوان نسل عید قربان کے اصل مفہوم سے بہت کچھ سیکھ سکتی ہے، انہوں نے ہدایت کی کہ نوجوان معاشرے میں تحمل، برداشت، ایثار وقربانی کی عملی مثال بنیں، معاشرے میں اپنے اخلاق و اقدار سے حقیقی تبدیلی لائیں۔
وزیراعظم نے متعلقہ انتظامیہ و شہریوں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوام سے کورونا وبا کے پیش نظر احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی اپیل کرتا ہوں۔ آلائیشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے اور صفائی ستھرائی کے لئے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے مستعدی سے فرائض انجام دیں۔