لاہور: عدالت نے صحافی عمران ریاض خان کو چکوال کے مقدمے میں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں عمران ریاض کی گرفتاری اور مقدمات کے اخراج سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔
لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس علی باقر نجفی کی عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے ملزم کی ضمانت ذاتی مچلکوں پر منظور کرلی جس کے بعد کیس کی مزید سماعت 19جولائی تک کے لیے ملتوی کر دی گئی ہے۔
جسٹس علی باقر نجفی نے عمران ریاض سے مخاطب ہوکر کہا کہ آپ کے وکیل نے یقین دہانی کرائی ہے کہ آپ ایسا کوئی بیان نہیں دیں گے جس سے معاملات خراب ہوں۔اس پر عمران ریاض نے کہا کہ میں جس بھی عدالت میں گیا ہوں مجھے وہاں انصاف ملا ہے۔
عدالت نے جواب دیا کہ ہمیں متنازع نہ بنائیں، آپ ہفتے کو عدالت لگانا معیوب سمجھتے ہیں جب کہ ایسا کرنا اتنا بھی معیوب نہیں ہے۔
عمران ریاض نے جج سے کہا کہ عدالت کو یقین دہانی کراتا ہوں، میں کوئی بھی بیان نہیں دوں گا۔