لاہور: قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کو لاہور کے نجی ہوٹل سے غیر قانونی طور پر اٹھانے کے معاملے پر اندراج مقدمہ کی درخواست ایس ایچ او گلبرک اور ایس پی ماڈل ٹاؤن کو بھجوا دی گئی۔
قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی کی جانب سے درخواست اغوا، ڈکیتی، غیر قانونی حبس بیجا میں رکھنے کے مقدمے کے اندراج کیلئے بھیجی گئی۔
حلیم عادل شیخ کی جانب سے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ایس ایچ او گلبرک اور ڈی ایس پی گلبرگ نے اسلحہ کے زور پر اغوا کیا، کمرے سے قیمتی اشیاء نقد رقم اور کاغذات چھینے گئے۔
حلیم عادل شیخ کے مطابق ایس پی وقار کھرل اور ڈی آئی جی آپریشن لاہور کے کہنے پر میرے خلاف کارروائی کی گئی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے درخواست پر مقدمہ درج نہ کیا تو عدالت سے رجوع کریں گے۔