پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) نے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو لاپتہ افراد کمیشن کے عہدے سے ہٹانے کی سفارش کردی۔
چیئرمین پی اے سی نور عالم خان نے کہا کہ وزیراعظم سے درخواست کرتے ہیں کہ ایسے شخص کو لاپتہ افراد کے کمیشن کے عہدے سے فوری برطرف کردیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اگر اگلے اجلاس میں جاوید اقبال نہ آئے تو ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے جائیں گے۔نور عالم خان کا مزید کہنا تھا کہ جاوید اقبال پر آمنہ مسعود جنجوعہ نے بھی خواتین کی ہراسگی کے الزامات لگائے ہیں۔
واضح رہے کہ پبلک اکاؤنٹ کمیٹی کے اجلاس میں جاوید اقبال پر ہراسگی کا الزام لگانے والی خاتون طیبہ گل بھی پیش ہوئیں تھیں جنہوں نے کمیٹی کو بتایا کہ جاوید اقبال کہتے تھے میں ایک منٹ میں تمہاری زندگی تباہ کر سکتا ہوں۔
طیبہ گل نے پی اے سی اجلاس کو مزید بتایا کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے مجھے اور میرے شوہر فاروق کو گرفتار کروایا، جب کہ مجھے مرد پولیس اہلکاروں کے ذریعے گرفتار کیا گیا جس کے بعد لے جاتے ہوئے راستے میں مجھ سے گاڑی میں جو درندگی کی گئی، وہ میں نہیں بتا سکتی۔