وزیراعلیٰ پنجاب نے 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کیلئے بڑے ریلیف کا اعلان کردیا۔
حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ 100 یونٹ تک بجلی استعمال والے صارفین سے بل وصول نہیں ہونگے، پنجاب حکومت مستحقین کو مفت سولرپینل فراہم کرے گی۔
لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ 100یونٹ تک بجلی استعمال والے صارفین سے اگست سے بل وصول نہیں ہونگے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ 74 سال بعد بھی ہمارا ملک مشکل راستے پر کھڑا ہے، سیاسی کارکن کے طور پر طالبعلمی کے دور میں جیل کاٹی، ن لیگ کے پچھلے دور میں معاشی شرح نمو 5.8 فیصد تھی، 2018 میں ملک کو صفر لوڈشیڈنگ پرچھوڑ کر گئے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے گزشتہ دور میں12 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی، ہم عمران خان کی طرح جھوٹے دعوے نہیں کرتے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ چور، ڈاکو اور کرپٹ کے نعرے سن کر قوم کے کان پک چکے ہیں، گزشتہ حکومت نے پنجاب کے ساتھ کھلواڑ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، پنجاب میں گزشتہ 3 ماہ سے آئینی بحران کا سامنا کر رہے ہیں ، تمام ترمسائل کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔