Aaj Logo

اپ ڈیٹ 04 جولائ 2022 02:21pm

عمران خان نے الیکشن ترمیمی ایکٹ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نےالیکشن ترمیمی ایکٹ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے ایک اور قانون سازی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا، پی ٹی آئی کی درخواست میں وفاقی حکومت،الیکشن کمیشن اور نادرا کوفریق بنایا گیا۔

عدالت عظمیٰ میں دائر درخواست میں الیکشن ترمیمی ایکٹ 2022کو غیرآئینی قراردیتے ہوئے کالعدم قراردینے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ الیکشن ترمیمی ایکٹ 2022 خلاف آئین ہے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ دینا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے،الیکشن ترمیمی ایکٹ 2021 کے بعد نیا ایکٹ بنانا غیر قانونی ہے۔

عمران خان کی جانب سے دائر درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ مناسب اقدامات کا حکم دیتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائے، نادرا اور الیکشن کمیشن کو ای ووٹنگ سسٹم نافذ کرنےکا حکم دیا جائے۔

نیب ترامیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا معاملہ، عمران خان کی درخواست دائر

دریں اثناء نیب ترامیم سے متعلق رجسٹرار آفس سپریم کورٹ کے اعتراضات کیخلاف چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپیل دائر کردی، اپیل میں کہا گیا ہے کہ رجسٹرار آفس کے اعتراضات بلاجواز ہیں۔

عمران خان کی جانب سے نیب ترامیم سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کے معاملے میں بھی رجسٹرار آفس کے اعتراضات کیخلاف عمران خان نے اپیل دائر کردی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ رجسٹرار آفس کے اعتراضات بلاجواز ہیں، رجسٹرار آفس کے پاس دائرہ اختیار کے فیصلے کا اختیار نہیں ہے۔

واضح رہے کہ رجسٹرار آفس نے عمران خان کی درخواست پر اعتراضات عائد کئے تھے، جس میں کہا گیا تھا کہ ترامیم سے عوام کے کونسے حقوق متاثر ہوئے۔

درخواست گزار نے مناسب فورم سے رجوع نہیں کیااوردرخواست کے ہمراہ ایڈووکیٹ آن ریکارڈ کا سرٹیفیکٹ نہ لگانے کا بھی اعتراض اٹھایا گیا ہے،رجسٹرار آفس کا کہنا تھا کہ کن وجوہات کی بناء پر عدالت اپنا اختیار استعمال کرے۔

Read Comments