Aaj Logo

اپ ڈیٹ 04 جولائ 2022 05:01pm

دعا زہرہ کی عمر سے متعلق میڈیکل بورڈ کا اہم انکشاف

پسند کی شادی کرنے والی دعا زہرہ کی عمر کے تعین کیلئے بنائے گئے میڈیکل بورڈ نے اہم انکشاف کردیا۔

میڈیکل رپورٹ جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں جمع کروادی گئی جبکہ میڈیکل بورڈ کے ذرائع کے مطابق دعا کی عمر 15 سے 16 سال ہے۔

عدالت کے حکم پر جمع کروائی گئی میڈیکل بورڈ کی رپورٹ سربمہر ہے جبکہ اس سے پہلےعدالت نے عمر کے تعین کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا تھا۔

میڈیکل رپورٹ کا انکشاف

آج نیوز کو موصول ہونے والی دعا زہرا کی میڈیکل رپورٹ کے مطابق دعا کی عمر15 سے 16 سال کے درمیان بتائی گئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈینٹل ایگزمینیشن سے معلوم ہوا ہے کہ دعا کی عمر 13 سے15 سال کے درمیان ہے جبکہ ریڈیولوجیکل معائنے کے بعد عمر16 سے17 سال ہے۔

تاہم میڈیکل بورڈ نے بتایا ہے کہ دعا زہرہ کی عمر 15 سے 16 سال ہے جبکہ جسمانی معائنے کے مطابق عمر 15 سال ہے۔

دعا 18سال کی نہیں، والد دعا زہرہ

کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے دعا زہرہ کے والد مہدی کاظمی کا کہنا تھا کہ میرے پاس سارے ثبوت ہیں۔

انہوں نے کہاکہ میری شادی 2005 میں ہوئی شادی کو 18 سال نہیں ہوئے تو بیٹی کیسے 18 سال کی ہوگئی؟

انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران دعا زہرہ کا پیدائشی سرٹیفکیٹ بھی دکھایا اور کہا کہ میرے پاس بچی کا 27 اپریل 2008ء کا برتھ سرٹیفکیٹ ہے۔

میڈیکل بورڈ میں کون کون افراد شامل تھے

کراچی کی مقامی عدالت کے حکم پر محکمہ صحت نے میڈیکل بورڈ تشکیل دے کرعدالت کو آگاہ کیا تھا کہ بورڈ کی سربراہ ڈاؤ میڈیکل کالج کی پرنسپل پروفیسر صبا سہیل ہوں گی۔

اس کے علاوہ میڈیکل بورڈ میں سیکریٹری ایم ایس سروسز اسپتال، پولیس سرجن، آغا خان اسپتال، سول اسپتال ماہرین بھی شامل ہیں۔

خیال رہے کہ کراچی مقامی عدالت کے حکم پر محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے 10 رکنی میڈیکل بورڈ بنایا گیا تھا۔

Read Comments