Aaj Logo

اپ ڈیٹ 03 جولائ 2022 01:10pm

کراچی میں آج تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیشگوئی

کراچی: شہر قائد میں آج تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیشگوئی کردی گئی جبکہ اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے کراچی میں مون سون کے پہلے اسپیل کے تحت آج شام یا رات سے بارش شروع ہونے کی پیشگوئی کی ہے، بارش سے پہلے تیز ہوائیں بھی چلیں گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت مون سون سسٹم مشرقی سندھ، راجستھان اور بحیرہ عرب میں موجود ہے، جو آج شام یا رات کو آندھی اور بارش کا سبب بن سکتا ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز احمد نے کہا ہےکہ پہلا سسٹم 5 جولائی تک سندھ پر اثر انداز رہے گا، پہلے مون سون سسٹم کے پیچھے ایک اور سسٹم بھی موجود ہے جبکہ دوسرا اسپیل پہلے سسٹم کے ختم ہونے کے 18 گھنٹے بعد اثرانداز ہوسکتا ہے، جس کے تحت 7 سے 8 جولائی کے درمیان بارش ہوگی۔

اس کے علاوہ کشمیر، پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا،اسلام آباداور زیریں سندھ میں بھی گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے جبکہ بارش کے باعث اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

کراچی میں نالوں کی صفائی کا کام اب تک مکمل نہ ہوسکا

کراچی میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کے باوجود نالوں کی صفائی کا کام نہ کیا جاسکا جبکہ نالے سے نکاسی آب کا انتظام بھی نہ کیا جاسکا ۔

کراچی میں نالوں کی صفائی شہر کے بلدیاتی اداروں کیلئے چیلنج بن گیا ، محمود آباد نالے پر اربوں روپے کی لاگت سے دیواریں بنائیں گئیں تاہم صفائی کا انتظام پھر بھی نہ ہوا۔

شہر کے بڑے نالوں میں شمار ہونے والا محمود آباد کا نالہ انتظامی غفلت کی عکاسی کررہا ہے جبکہ اطراف میں رہائش پذیر مکین صورتحال سے پریشان ہیں ۔

نالہ کے اطراف آباد محمود آباد کے مکینوں کا کہنا ہے شہری انتظامیہ ہوش کے ناخن لے اور بارشوں سے قبل نالہ صاف کرے ۔

گزشتہ سال مون سون کی موسلادھار بارشوں کے باعث شہریوں کا ناقابل تلافی مالی نقصان ہوا تھا اور اس سال بھی محمود آباد کے مکین نالوں کی صفائی کی ناقص صورتحال سے خوفزدہ ہیں ۔

Read Comments