وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ 17 جولائی ک وجمہوری انداز میں عوام جس کو چاہیں ووٹ دیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ پنجاب کئی ماہ تک آئینی بحران کا شکار رہا، نہ آپ کسی پراحسان کرسکتے ہیں نہ میں، عوام جو فیصلہ کریں گے میں دل سے قبول کروں گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کابینہ نہ ہونے کے باوجود ہم نے گندم بحران کو ختم کیا، پنجاب حکومت نے 10 کلو آٹے کا تھیلا 160 روپے سستا کیا ہے۔
واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست پر سماعت ہوئی جس کی سربراہی چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کی۔
دوران سماعت تحریک انصاف کے وزیراعلیٰ کے متفقہ امیدوار پرویز الہٰی اور ن لیگ کے حمزہ شہباز نے 22 جولائی کو وزیراعلیٰ پنجاب کے دوبارہ انتخاب پر اتفاق کر لیا ہے۔
اس کے علاوہ تحریک انصاف کے وکیل نے عدالت میں کہا کہ ان کی پارٹی چیئرمین عمران خان سے اس متعلق گفتگو ہوئی جس میں انہوں نے حمزہ شہباز کو 17 جولائی تک قائم مقام وزیراعلیٰ کے طور پر تسلیم کرلیا ہے۔