اسلام آباد: راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، مری اور آزاد کشمیر میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، جس کے باعث گرمی کا زوربھی ٹوٹ چکا ہے۔
جڑواں شہروں اورگردونواح میں صبح سویرے سے موسم ابرآلود رہنے کے بعد بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، اچانک مارگلہ پہاڑویوں کی طرف سے سیاہ بادل آئے اوربرسنا شروع ہوگئے، بارش برسنے سے موسم خوشگوارہوچکا ہے۔
مری اور مظفرآباد آزاد کشمیر میں بھی بارش کا دوسرا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، جس سے موسم سہانا ہوگیا، موسلادھاربارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا جبکہ مظفرآباد اور دیگرعلاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ ملک کے بیشتر اضلاع میں موسم مرطوب اورمطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ کشمیر، بالائی اور وسطی پنجاب، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، زیریں سندھ اور مشرقی بلوچستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج سے بارش کا امکان ہے، 5 جولائی تک سندھ کے ساحلی اضلاع میں موسلادھار بارش ہوگی جبکہ بارش کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔