اسلام آباد: ملک میں بارشوں کا نیا سسٹم داخل ہوگیا ، مون سون بارشیں آج سے شروع ہونے کا امکان ہے، کشمیر، پنجاب اور اسلام آباد کے ساتھ سندھ کی ساحلی پٹی پر بارشیں ہوں گی جبکہ 5 جولائی تک رہنے والے سسٹم کے باعث کراچی ، حیدرآباد، لاہور اور راولپنڈی کے نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خدشہ ہے۔
بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مرطوب ہوائیں ملک میں داخل ہوگئیں، مون سون بارشوں کا سلسلہ آج سے شروع ہورہا ہے جبکہ کشمیر، پنجاب اور سندھ کی ساحلی پٹی پربادلوں کا راج ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے5جولائی تک ملک کے مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے،کشمیر،بالائی پنجاب ،اسلام آباد سندھ کے ساحلی اضلاع میں تیزہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی ۔
محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ سلسلے میں راولپنڈی ، لاہور سمیت پنجاب ،کراچی اور حیدرآباد کے نشیبی علاقے زیرآب آسکتے ہیں جبکہ کشمیر، گلیات اور مری میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
حکام نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہتے ہوئے حفاظتی اقدامات کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے جبکہ بالائی علاقوں میں موجود سیاحوں کوبھی غیرضروری سفر کرنے سے گریز کرنے کا کہا ہے ۔
محکمہ موسمیات نے 6 جولائی تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی نوید سنادی
پنجاب بھر میں بھی بادلوں اور ٹھنڈی ہواؤں نے موسم بدل دیا حبس تو ابھی بھی جاری ہے مگر سورج کی تپش کم ہوگئی ہےجبکہ محکمہ موسمیات نے 6جولائی تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی نوید سنادی۔
شہریوں کو حبس اور گرمی سے نجات دلانے کیلئے بادلوں نے لاہور کا رخ کر لیا، بادلوں کی انٹری سے موسم کافی تبدیل ہوگیا ہے جبکہ ٹھنڈی ہواؤں نے گرمی بھی کم کردی ہے۔
خوشگوار موسم میں پارکوں میں واک کیلئے آئے شہری بارش کا انتظار کرنے لگے۔
آسمان پر چھائے بادلوں نے موسم خوشگوار بنایا تو ڈائریکٹر محکمہ موسمیات محمد اکرام الدین کہتے ہیں کہ پنجاب میں بارشوں کا سلسلہ 6جولائی تک جاری رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، فیصل آباد گوجرانوالہ، گجرات، چکوال ، اٹک اور جہلم سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں آج بارش کا امکان ہے ۔