اسلام آباد:سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نااہل گروہ نے اپنی چوری بچانے کیلئے بغیر تیاری اقتدار پر قبضے کی سازش کی، حال کی طرح معیشت کا مستقبل بھی تاریک ہے،پاکستان کو مزید دلدل میں گرنے سے بچانے کیلئے واحد راستہ انتخابات ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں سیاسی صورتحال،مہنگائی کے عوام پر اثرات اور حکومتی اتحادیوں کی قومی اسمبلی میں تقاریر کا جائزہ لیا گیا جبکہ 2 جولائی کو اسلام آباد میں جلسے کے انعقاد کے حوالے سے امور پر بھی گفتگو ہوئی۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے پارٹی ذمہ داران کو مہنگائی پرعوام کی بھرپور ترجمانی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ چوروں نے خود کو ریلیف دینے کیلئے عوام کو مہنگائی کی اذیت ناک تکلیف میں مبتلا کر رکھا ہے،کٹھ پتلیوں نے 9 ہفتوں میں مہنگائی کی صورت میں عوام سے اپنی غلامی کی قیمت وصول کی۔
عمران خان نے کہا کہ 2018 میں تحریک انصاف کو اقتدار ملا تو معیشت دیوالیہ پن کے کنارے کھڑی تھی، آئی ایم ایف کی کڑی شرائط،کمزور معیشت اور کورونا وباء کے باوجود ہم حکومت نے عالمی مہنگائی کا بوجھ عوام پر منتقل نہیں کیا، نہ“تجربہ کاروں“ کے زیر سایہ حال کی طرح معیشت کا مستقبل بھی تاریک ہے،متنبہ کیا تھا کہ نہایت محنت سے کھڑی کی گئی معیشت سیاسی عدمِ استحکام کا بوجھ برداشت نہیں کر پائے گی۔
سابق وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ 2 جولائی کو اسلام آباد میں تاریخی احتجاج کریں گے، ملک کومزید دلدل میں گرنے سے بچانے کیلئے واحد راستہ صاف شفاف انتخابات ہیں۔