اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے بڑی صنعتوں پر 10 فیصد سپر ٹیکس لگانے کا اعلان کردیا اور کہا کہ مہنگائی ختم کرنے کیلئے جان لڑادیں گے، جن صنعتوں پر 10 فیصد سپرٹیکس لگے گا، ان میں سیمنٹ، اسٹیل، شوگرانڈسٹری، آئل اینڈگیس، فرٹیلائزر، بینکنگ انڈسٹری، کیمیکل انڈسٹری اور بیوریج انڈسٹری شامل ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی ٹیم کے اجلاس کی صدارت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سنبھالنے بعد 2 راستے تھے، سیاست یا ریاست، ہمارے لئے آسان تھا کہ اپنی سیاست بچالیں، خاموش بیٹھ جائیں اور ملک کو نقصان پہنچنے دیں۔
PM @CMShehbaz chaired an early morning meeting on Poverty Alleviation.
— Salman Sufi (@SalmanSufi7) June 24, 2022
its time for our affluent segment of society to step up and support citizens struggling during these tough economic times.
Important measures will be announced by PM today.#StepUp #TeamPMO pic.twitter.com/krREzuTh47
وزیراعظم نے کہا کہ اتحادیوں نے مل کر ریاست کو بچانے کا فیصلہ کیا، سابق حکومت کے تاخیری حربوں کی وجہ سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچا، حکومت کا عزم غریب کے کندھوں سے بوجھ کم کرنا ہے، صاحب حیثیت طبقہ مدد کیلئے آگے آئے، اپنے حصے کا کردار ادا کرے، ملک میں مہنگائی ہے، حکومت مہنگائی کم کرنے کیلئے اپنی جان لڑا دے گی۔
شہبازشریف نے کہا کہ بجٹ سے متعلق اہم فیصلے کئے ہیں، عوام کو مشکلات سے نجات دلانے کیلئے کوشاں ہیں، مہنگائی کا بوجھ کم کرنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں، اقدامات سے پاکستان دیوالیہ پن سے نکل آئے گا، گزشتہ حکومت نے کرپشن کی ہے، پاکستانی معیشت کو مستحکم کرنا ہماراعزم ہے، عوام کو ریلیف فراہم کریں گے۔
شہبازشریف نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے بعد الیکشن میں جانا آسان تھا، ہم نے ملکی معیشت بچانے کا فیصلہ کیا، امید ہے کہ جلد مشکلات سے نکل جائیں گے، یہ وقت سیاست نہیں ریاست بچانے کا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے تمام مفادات کو پاکستان کے تابع کردیا، ہم دن رات محنت کرکے کشتی کو پارلگائیں گے، ہم نے معاشی صورتحال مستحکم کرنے کیلئے بجٹ دیا، بجٹ کا مقصدغریب عوام کو مشکلات سے نکالنا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ طے پاگیا ہے، بجٹ میں ہم نے معاشی وژن پیش کیا ہے، مفتاح اسماعیل اور دیگر کا شکرگزار ہوں، تمام اتحادی جماعتوں نے بھی تعاون کیا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان معاشی ترقی کی راہ پرگامزن ہوگا، ملک میں مہنگائی ہے کنٹرول کرلیں گے، پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام ضرور حاصل کرے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ بڑی صنعتوں پر10 فیصد سپر ٹیکس لگارہے ہیں، صاحب حیثیت لوگوں پر ٹیکس لگارہے ہیں، سیمنٹ، شوگر، آئل اینڈ گیس اور بینکنگ پر ٹیکس لگارہے ہیں، ایل این جی ٹرمینل اور ٹیکسٹائل انڈسٹری بھی شامل ہیں، سپرٹیکس کا مقصدغریب آدمی کوریلیف دینا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ٹیکس چوری کرنے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی، ہر سال2 ہزار ارب کا ٹیکس چوری ہوتا ہے، ہم ملک کی بہتری کیلئے جنگ لڑتے تو یہ حالت نہ ہوتی، آج ہم نے بیروزگاری کی دیوار گرانی ہے، چارٹرآف اکانومی کے بغیر ترقی ممکن نہیں، پاکستان کے حالات جلد بدل جائیں گے۔
شہبازشریف نے ایک اور ٹیکس لگانے کا بتاتے ہوئے کہا کہ سالانہ 15 کروڑ روپے کمانے والے پر بھی ٹیکس لگا رہے ہیں، 20 کروڑ سالانہ کمانے والے پر 2 فیصد ٹیکس لگایا ہے، 25 کروڑ سے زائد کمانے والے پر 3 فیصد ٹیکس لگایا، صاحب حیثیت افراد پر ٹیکس سے ملکی خزانہ بہتر ہوگا۔