Aaj Logo

شائع 22 جون 2022 05:03pm

بجلی کی قیمتوں میں بےتحاشا اضافہ ہوگا: شوکت ترین

سابق وزیر خزانہ اور رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) شوکت ترین نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں مزید بےتحاشا اضافہ ہوگا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت ترین نے کہا کہ اسحاق ڈار نے ملک کو 5 سال میں 33 بلین ڈالر کا نقصان پہنچایا جس کے تحت پی ٹی آئی کو 2018 میں تباہ حال معیشت اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ملا۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کے دوران عمران خان نے مکمل لاک ڈاؤن نہیں کرکے دیہاڑی دار طبقے کا سوچا جب کہ غریب طبقے کو براہ راست سبسڈی فراہم کی۔

سابق وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں 29 ارب ڈالر کی ضرورت تھی اس لئے آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا، دنیا نے ہمارے معاشی پالیسیوں کی تعریف کی تاہم موجودہ حکومت نے فیصلہ سازی میں 6 ہفتے لگا دیئے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہمیں ڈرتھا کہ ملک دیوالیہ نہ ہوجائے، ابھی بھی تاخیر نہیں ہوئی، جلد انتخابات ہونا چاہیے، روس سے سستا تیل لینے کے لئے ہم نے روس کو خط لکھا تھا، حکومت کو معاملہ آگے بڑھانا چاہیے تھا۔

شوکت ترین نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے ڈالر کی قدر بڑھی، ایندھن کی کمی کی وجہ سے بجلی کی لوڈشیڈنگ ہے، ملک میں بجلی کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ اور مہنگائی کی شرح 28 فیصد ہوگئی۔

Read Comments