اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت آزادی صحافت پر کامل یقین رکھتی ہے، پچھلے چار سال صحافیوں کے لیے سیاہ دور تھا، اس دور میں اظہار رائے کی آزادی پر قدغنیں لگائی گئیں۔
چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس ہوا۔
وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے بتایا کہ حکومت پیمرا قوانین میں ترمیم لا رہی ہے، حکومت آزادی صحافت پر کامل یقین رکھتی ہے، سابق دور میں صحافیوں کو اغواء اور ان پر تشدد کے واقعات رونما ہوئے، ہمارے دور میں کوئی ایسا واقعہ پیش نہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم آزاد میڈیا پر یقین رکھتے ہیں پچھلے چار سال صحافیوں، میڈیا ورکرز اور میڈیا ہاوسز کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ سیاہ دور تھا۔
انہوں نے کہا کہ سابق دور میں اظہار رائے کی آزادی پر قدغنیں لگائی گئیں، صحافیوں کو اغواء کیا گیا، ان پر تشدد کیا گیا۔
کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات نے صحافیوں پر درج ایف آئی آرز سے متعلق آئی جیز کو آئندہ اجلاس میں طلب کرلیا۔
چیئرمین کمیٹی نے ہدایت کی کہ پی ٹی وی پر کشمیر کے حوالے سے نشریات ہونی چاہیئے اور بھارت کی جارحیت کو اجاگر کرنے کے حوالے سے بھی پروگرام نشر کیے جائیں۔