لاہور: پنجاب کے مختلف شہروں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، مختلف حادثات میں بچی سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے، بارش کے بعد نشینی علاقوں میں پانی کھڑا ہونے اور بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
پنجاب اورخیبرپختونخواسمیت ملک کےبیشترحصوں میں پری مون سون سیزن بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت میں کمی آگئی۔
جلالپور پیروالہ، احمد پورسیال، جہانیاں، لیہ، لودھراں ،بہاولنگر، شجاع آباد، سرائے عالمگیر، چشتیاں، کوٹ ادو اور خانیوال میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ موسلا دھاربارش سےموسم خوشگوارہوگیا جبکہ درجہ حرارت میں بھی واضح کمی آئی۔
گرمی کا زورٹوٹنے پرشہریوں نےسکھ کا سانس لیاتاہم بارش کے باعث متعدد نشیبی علاقےزیر آب آگئے ،درجنوں فیڈرز ٹرپ ہونےسے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہونے اور گھنٹوں پر محیط غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
پنجاب کے مختلف اضلاع میں چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات بھی پیش آئے ، لیہ میں طوفانی بارش سے 2 گھروں کی چھتیں گرنے سے 3 خواتین جاں بحق اور 3 بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو کے مطابق بستی لسکانی میں سونیا بی بی اور امیر مائی نامی خواتین جاں بحق ہوئیں جبکہ اڈہ حافظ آباد کے علاقے میں چھت گرنے سے ماں اور 3 بچے زخمی جبکہ 2 سالہ صغری جاں بحق ہو گئی۔
آزاد کشمیر میں بھی موسلادھاربارشوں نے تباہی مچا دی، کوٹلی میں برساتی ریلاگھروں اوردکانوں میں داخل ہوگیا ، 10 دکانیں بہا لےگیا جبکہ لوگ اپنی مدد آپ کےتحت گھروں سے پانی نکالتے رہے ۔
بلوچستان میں بھی بادل جم کے برسے،بالا کوٹ میں ژالا باری جبکہ بلوچستان کو سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش کشمیر کےعلاقے گڑھی دوپٹہ میں66، راولپنڈی میں 56اور فیصل آباد میں 40ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں مزید بارش کا امکان ہے۔
بلوچستان کےمختلف شہروں میں بارشوں نے تباہی مچادی
دوسری جانب بلوچستان کےمختلف شہروں میں بارشوں نے تباہی مچادی، ڈیرہ بگٹی، موسیٰ خیل اور کوہلو میں شدیدباشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔
سوناری کے مقام پر پل سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے کوہلو کا اندرون بلوچستان سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔
برساتی نالے بپھرنے سے خیبر پختونخواکے ساتھ رابطہ سڑکیں متاثر ہوئی ہیں، بارکھان میں عیشانی باڈیانی ڈیم اوورفلوہوگیا، جس کے باعث متعددعلاقےزیرآب آگئے۔
پانی کے تیز بہاؤکے باعث شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے، لوگ اپنی مدد اپ کے تحت امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
پی ڈی ایم اے اورضلعی انتظامیہ کی جانب سے کسی بھی علاقےمیں کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ہیں۔