سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا کہ کل کے احتجاج میں قوم کے ساتھ مل کر آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کریں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کا اہم اجلاس ہوا جس میں فنانشل ایکشن ٹاکس فورس (فیٹف) گرے لسٹ سے نکلنے کے لئے فیٹف رابطہ کمیٹی کے اراکین اور افسران کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
اجلاس میں عمران خان کا کہنا تھا کہ لٹیروں نے اپنی تجوریاں بچانے کے لئے ملک کو گروی رکھ کر عوام پر مہنگائی کا عذاب نازل کیا، اپنی جائیدادیں باہر رکھنے والوں کو عوام کی مشکلات اور ملک کے مستقبل کی کوئی فکر نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کل کے احتجاج میں قوم کے ساتھ مل کر آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کریں گے، پچھلے دو ماہ کے واقعات نے سازش کے ہر کردار اور اس کے اہداف پوری طرح آشکار کئے، بغیر تیاری کے سازش سے حکومت پر قابض ہونے والا لشکر اپنی چوری بچانے کے لئے قوم کا مستقبل داؤ پر لگا رہا ہے۔
اجلاس میں کراچی میں ضمنی انتخاب میں الیکشن کمیشن کے کردار پر تشویش کا اظہار اور وفاقی بجٹ میں قبائلی اضلاع کے بجٹ میں 21 ارب کی کٹوتی پر شدید مذمت کی گئی۔