سابق گورنر سندھ اور رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران اسماعیل نے کہا کہ ہم این اے 245 کا ضمنی انتخاب بھرپور طریقے سے لڑیں گے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اپنے صوبوں کے لوگوں کے ساتھ ظلم کر رہی ہے، حلیم عادل شیخ کے خلاف روز نیا مقدمہ درج ہوتا ہے، آصف زرداری اینٹی کرپشن سے متعلق قانون سازی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری بتا رہے ہیں کہ نیب کیسے کام کرے گا، ہمارے دور میں آپ نے مارچ کیے،کوئی شیلنگ نہیں ہوئی، ہم نے احتجاج کرنے پر اپنے دور میں کسی کو جیل میں بھی نہیں ڈالا جب کہ جو سیاسی رویہ آپ کا آج ہے، وہی کل آپ کے ساتھ ہونا چاہیئے۔
سابق گورنر سندھ نے مزید کہا کہ این اے 245 کا الیکشن بھر پور طریقے سے لڑیں گے، ہم بتائیں گے کہ لوگ ووٹ ڈالنےکیوں آتے ہیں اور ہمارے ساتھ جیسا آپ رویہ رکھیں گے ہم بھی اب ویسا رویہ رکھیں گے۔
عمران اسماعیل نے کہا کہ پی ٹی آئی مہنگائی پر کل ملک گیر احتجاج کرے گی جہاں 10 بجے عمران خان خطاب کریں گے اور کراچی میں شاہراہ قائدین پر بھی ایک پُرامن مظاہرہ ہوگا۔