رشکئی: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کسی بھی اقتصادی زون کا یہ میرا پہلا دورہ ہے، ہمارا عزم ہے کہ سی پیک کے تحت منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خوصی اقتصادی زون رشکئی کا دورہ کیا، جہاں وزیراعظم کو اقتصادی زون کی تعمیر اور ترقی پر بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی بھی خصوصی اقتصادی زون کا یہ میرا پہلا دورہ ہے، ہمارا عزم ہے کہ سی پیک کے تحت خصوصی اقتصادی زون کی تکمیل مقررہ وقت پر کی جائے، چھوٹے صوبوں میں اقتصادی زون کی تکمیل ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اورچین نے ماضی میں بھی ایک دوسرے کا ساتھ نبھایا، دونوں ممالک کی کمپنیاں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرسکتی ہیں۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کیلئے چینی کمپنیوں کو دعوت دیتے ہیں، چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری سے پاکستان سمیت پورے خطے میں ترقی کے نئے باب کھلیں گے۔