پاک چین کی مسلح افواج کی اپیکس کمیٹی کا اجلاس، پاک چین کا باہمی دفاعی تعاون پر مکمل اطمینان کا اظہار، پاکستانی وفد کی قیادت آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کے تینوں سروسز کے اعلیٰ سطحی فوجی وفد نے 9 سے 12 جون تک چین کا دورہ کیا، وفد نے چینی فوج اور دیگر اعلیٰ حکام سے وسیع تر مختلف امور پر بات چیت کی۔
اپیکس میٹنگ میں پاکستانی وفد کی سربراہی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ جبکہ چینی وفد کی قیادت چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژانگ یوشیا نے کی۔
دونوں جانب سے بین الاقوامی اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال اور دفاعی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
پاکستان اور چین نے اپنی سٹریٹجک شراکت داری کا اعادہ کیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر نقطہ نظر کا باقاعدہ تبادلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ دونوں جانب سے تربیت، ٹیکنالوجی اور انسداد دہشت گردی تعاون کو بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔