پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے اتفاق رائے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کے پاس جانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سابق صدر آصف علی زرداری اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو کی سربراہی میں پی پی پی کا اعلی سطح کا ہائبرڈ اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں دہشت گردی بالخصوص افغان دارالحکومت کابُل میں تحریک طالبان افغانستان اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے متعلق حالیہ پیش رفت سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
پارٹی کے اجلاس میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی، اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، وفاقی وزیر شیری رحمان، فرحت اللہ بابر، خورشید شاہ اور فیصل کریم کنڈی نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ تمام فیصلے پارلیمان میں اور پارلیمان کو اعتماد میں لے کر ہونے چاہیئے، پیپلز پارٹی کے اعلی سطح کے اجلاس میں اتفاق رائے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کے پاس جانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
بلاول بھٹو نے قرنطینیہ میں ہونے کی وجہ سے کور کمیٹی اجلاس میں بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی جب کہ فریال تالپور اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی اجلاس میں بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔