معروف ٹی وی میزبان اور رکنِ قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی تدفین کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔
منیجر اوقاف کے مطابق عامر لیاقت حسین کی تدفین حضرت عبداللہ شاہ غازی مزار کے احاطے میں کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ تدفین کا وقت مقرر نہیں ہے البتہ ورثہ کی ہدایات پر قبر کی تیاری کا کام شروع کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق عامر لیاقت حسین نے وزارت کے دوران اپنی قبر کی جگہ رقم کے عوض مختص کروائی تھی۔
عامر لیاقت حسین کی تدفین کا فیصلہ صاحبزادے کی لندن سے واپسی پر ہوگا جب کہ ورثہ کی جانب سے ان کے پوسٹ مارٹم کی اجازت نہ دینے پر مرحوم کا جسد خاکی چھیپا سرد خانے منتقل کردیا گیا ہے۔
رکن قومی اسمبلی کے خداداد کالونی میں واقع گھر کو سیل کردیا گیا جہاں سے پولیس نے تمام شواہد اکھٹے کرلیے ہیں۔