Aaj Logo

شائع 09 جون 2022 01:26pm

خیبر پختونخوا میں 8 سال سے رکے ہوئے ترقی کےعمل کو آگے بڑھائیں گے:وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کی عوام سے جو وعدہ کیا، وہ پورا کیا، خیبر پختونخوا میں 8 سال سے رکے ہوئے ترقی کے عمل کو آگے بڑھائیں گے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف سے مشیر انجینئرامیر مقام نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی عوام سے جو وعدہ کیا، وہ پورا کیا، ایبٹ آباد اور پشاور کے بعد سستے آٹے کی فراہمی عنقریب پورے صوبے کے دیگر علاقوں میں بھی شروع ہوگی۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں پچھلے 8سال سے رکے ہوئے ترقی کے عمل کو آگے بڑھائیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ خیبر پختونخوا میں صوبائی حکومت کی بد انتظامی سے ستائے ہوئے لوگوں کے مسائل کا فوری حل کریں، خیبر پختونخوا میں پارٹی تنظیم کو سرگرم کریں۔

وزیرِاعظم شہباز شریف سے ارکانِ قومی اسمبلی خالد جاوید، برجیس طاہر اور سابق رکنِ قومی اسمبلی چوہدری اسد الرحمان نے بھی ملاقات کی،ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور متعقلہ حلقوں کے امور پر گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم نے ملک میں بجلی کی تازہ ترین صورتحال پر علی الصبح بریفنگ لی

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں بجلی کی تازہ ترین صورتحال پر علی الصبح بریفنگ لی۔

وزیراعظم کی زیرصدارت لوڈشیڈنگ سےمتعلق اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں بجلی کی طلب اور کھپت کے تازہ ترین اعدادوشمار حاصل کئے ، مختلف فیڈرز پر بجلی کی ترسیل کی صورتحال دریافت کی ۔

وزارت توانائی کے حکام نے ملک میں لوڈ شیڈنگ کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کیا جبکہ لوڈ شیڈنگ کے سد باب کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنا ہے، عوام کی مشکلات کو کم ہونا چاہیئے۔

Read Comments