کراچی: مسلم لیگ (ن) کے رہنماء شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سیاستدانوں کے اثاثوں کی بہت چھان بین ہوگئی، اب چیئرمین نیب جاوید اقبال اپنے اثاثوں سے قوم کو آگاہ کریں، ہمیشہ یہی کہا ہے کہ نیب کو ختم ہونا چاہیئے، نیب احتساب کے بجائے انتقامی کارروائی میں مصروف ہے۔
کراچی کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا چوتھا سال ہے احتساب کا عمل سب کے سامنے ہے، اب تک 54 پیشیاں ہوچکی ہیں،نیب احتساب کے بجائے انتقامی کارروائی میں مصروف ہے،چیئرمین نیب اپنے اثاثے قوم کے سامنے رکھیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 15 جون تک 3گھنٹے تک لوڈشیڈنگ پہنچ جائے گی،30 جون تک 2گھنٹے لوڈ شیڈنگ تک پہنچ جائیں گے۔
ن لیگ کے رہنماء شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ کے الیکٹرک سے معاہدہ 650 میگاواٹ کا ہے لیکن باقی ملک سے کاٹ کر 1100 میگاواٹ دیا جارہا ہے،گیس کی سپلائی بھی جا رہی ہے،پیٹرول بڑھا تو بجلی کیقیمت میں اضافہ ہوا۔
سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھاکہ پیٹرول قیمت خرید سے کم قیمت پر فروخت نہیں کیا جاسکتا، استحکام کا عمل شروع ہوگیا ہے عوام جلد اس کے اثرات دیکھیں گے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عمران بتائیں 4سال میں حالات بہتری کیلئے کیا اقدامات کئے گئے،سیاست بچانے کیلئے اب وہ ہر بات کہنے کیلئے تیار ہیں۔