کراچی سے لا پتہ ہو کر پسند کی شادی کرنے والی دعا زہرا کی عمر کا تعین میڈیکل رپورٹ کے ذریعے کرلیا گیا۔
میڈیکل رپورٹ کے مطابق دُعا زہرا کی عمر 16 سے 17 سال کے درمیان ہے، دعا زہرا کا ایکسرے سول اسپتال کراچی کے شعبہ ریڈیولوجی میں کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے 6 جون کو دعا زہرا کی عمر کا تعین کرنے کا حکم دیا تھا جب کہ لڑکی نے عدالت میں اپنی عمر 18 برس ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔
دوسری جانب جسٹس امجد کے استفسار پر دعا زہرا کے والد مہدی کاظمی نے کہا کہ بچی کوجب اغواء کیاگیا، تب اس کی عمر 14سال تھی۔
پولیس نے دعا زہرا اور ظہیر کو سخت سکیورٹی میں سندھ ہائی کورٹ پیش کیا تھا جہاں لڑکی نے اپنے والدین سے ملاقات کرنے اور ساتھ جانے سے انکار کیا جب کہ عدالت نے عمر کا تعین کرنے کیلئے دعا زہرا کی میڈیکل رپورٹ دو روز میں پیش کرنے اور اس کو شیلٹر ہوم بھیجنے کی ہدایت کی تھی۔