قومی اسمبلی میں سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے پاک فوج اور ایٹمی پروگرام سے متعلق بیان پر قرارداد اکثریت سے منظور کرلی گئی ہے ۔
وفاقی وزیر ایاز صادق نے عمران خان کے خلاف پارلیمنٹ میں قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا کہ سابق وزیرعاظم نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ نے درست فیصلے نہ کیے تو ملک کے تین ٹکرے ہو جائیں گے۔
قرار داد کے متین میں لکھا گیا کہ افواج پاکستان کی ملک کے دفاع کے لئے کئی خدمات ہیں، پاک فوج نے دہشتگردی کے خلاف بھی قربانیاں دی ہیں، ایوان عمران خان کے بیان کی مذمت اور ریاست سے سفارش کرتا ہے کہ سابق وزیراعظم کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ نے درست فیصلے نمہ کیے تو فوج تباہ اور ملک کے تین ٹکرے ہوجائیں گے۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اِن لوگوں کو اقتدار سے سبکدوش نہ کیا تو ملک کے نیوکلیئر اثاثے چھن جائیں گے اور درست فیصلے نہ کیے تو پاکستان کے تین ٹکرے ہو جائیں گے۔
عمران خان کے اس بیان پر وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزرا اور دیگر سیاسی و سماجی رہنماؤں نے شدید مذمت کی تھی۔