اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کیلئے مختلف تجاویز پر غورشروع کر دیا ، تنخواہوں میں 5 سے 15 فیصد جبکہ پنشن میں 5 سے 10 فیصد اضافے پر غور کیا جا رہا ہے تاہم حتمی منظوری آئی ایم ایف سے مشروط ہے ۔
وفاقی بجٹ 23-2022 میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ حکومت کیلئے نیا معاشی چیلنج بن گیا۔
ذرائع کے مطابق خزانہ ڈویژن نے تنخواہوں میں اضافے کیلئے 3 تجاویز تیار کر لیں، مشکل معاشی حالات کے باوجود حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 5 سے 15 فیصد اضافے پر غور کیا جارہا ہے۔
خزانہ ڈویژن کے ذرائع کے مطابق پہلی تجویز کے تحت گریڈ ایک سے 19 تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 5 سے10 فیصد ایڈ ہاک الاؤنس کی مد میں اضافے پر غور جاری ہے۔
دوسری تجویز کے تحت گریڈ 20 تا 22 کے ملازمین کیلئے 10 سے 15 فیصد جبکہ ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کیلئے پنشن میں 5 سے 10 فیصد اضافے پر غور ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پے اینڈ پنشن کمیشن کی جانب سے رپورٹ حکومت کو تاحال موصول نہیں ہوئی۔
حکومت نے پے اینڈ پینشن کمیشن کو جلد رپورٹ تیارکر کے خزانہ ڈویژن کو پیش کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ تنخواہوں اور پینشن میں اضافے کی حتمی منظوری آئی ایم ایف سے مشروط ہے۔