اسلام آباد: تحریک انصاف کے نائب صدر شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا کوئی ایم این اے راجہ پرویز اشرف کے سامنے پیش نہیں ہوگا، رانا ثناء اللہ کی دھمکیاں پوری قوم نے سنی ہیں۔
اسلام آباد میںں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ رانا ثنا عمران خان کو گرفتار کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، اس سے بڑی سیاسی حماقت نہیں ہوسکتی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کور کمیٹی باورکرانا چاہتی ہے کہ شدید رد عمل آئے گا، کسی کا خیال ہے کہ کارکن اسے برداشت کریں گے تو یہ غلط فہمی ہے۔
پی ٹی آئی کے نائب صدر نے کہا کہ گرفتاری کی اطلاع ملے تو کارکن فوری ردعمل دیں، آپ کو کوئی واٹس ایپ اور ٹیلی فون نہیں آئے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پرامن سیاسی رد عمل آپ کا آئینی اور قانونی استحقاق ہے، آپ ابھی سے اسکی منصوبہ بندی کرلیجئے، کور کمیٹی نے معاشی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 60 روپے فی لیٹر تیل اور ڈیزل کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے، پہلی جولائی سے گیس کی قیمتوں میں 45 فیصد اضافہ ہوگا۔