اسلام آباد: وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حکومت عوام دوست بجٹ پیش کرے گی اور ثابت کرے گی کہ وہ عوام کی بھلائی کیلئے کام کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ “آئندہ بجٹ 2022-23 غریب عوام اور چھوٹے تاجروں کی بہتر زندگی پر توجہ مرکوز کرے گا کیونکہ حکومت عوام اور کاروبار دوست بجٹ پیش کرے گی”۔
مفتاح اسماعیل نے پی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت غریب لوگوں کو انتہائی غربت سے نکالنے کیلئے راستے تلاش کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں موجودہ لوڈشیڈنگ اور مہنگائی کی ذمہ دار پی ٹی آئی کی حکومت ہے کیونکہ اس نے عوام کے حقیقی مسائل پر توجہ نہیں دی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت عوام دوست بجٹ پیش کرے گی اور ثابت کرے گی کہ وہ عوام کی بھلائی کے لیے کام کرتی ہے۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حال ہی میں ملک کے کم آمدنی والے افراد پر پڑنے والے اثرات کو کم کرنے کیلئے ماہانہ 28 ارب روپے کے نئے ریلیف پیکج کا اعلان کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنے سیاسی فائدے کیلئے پیٹرول پر سبسڈی دینے کا اعلان کیا تھا جس کی قومی خزانے میں کوئی گنجائش نہیں تھی۔
تاہم انہوں نے کہا کہ حکومت عام آدمی کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کیلئے تمام اہم اقدامات کر رہی ہے۔