اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے حج پروازوں کا شیڈول جاری کردیا۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق پہلی حج پرواز 6 جون کو اسلام آباد سے روانہ ہو گی، 106 حج پروازوں کے ذریعے 32 ہزار عازمین کو سعودی عرب پہنچایا جائے گا، اسلام آباد سے روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت 42 پروازیں چلیں گی۔
فلائٹ شیڈول وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ پر آویزاں اور عازمین کو موبائل میسج جاری کر دیئے گئے، عازمین حج پریشانی سے بچنے کیلئے شیڈول پر سختی سے عمل کریں۔
ترجمان مذہبی امور کا کہنا ہے کہ عازمین حج جاری شیڈول کے مطابق قریبی اعتماد سینٹر سے بائیو میٹرک کروائیں، عازمین لازمی ویکسینز، شناختی لاکٹ، پاسپورٹ، حج ویزہ، ٹکٹ اور ریسٹ بینڈ کے حصول کیلئے حاجی کیمپ رابطہ کریں۔
پرواز سے 72 گھنٹے کے اندر کوویڈ پی سی آر ٹیسٹ سعودی منظور شدہ 6 لیبارٹریز سے کرانا لازمی ہے، عازمین حج کی سہولت کیلئے حاجی کیمپوں میں منظور شدہ لیبارٹریوں کے بوتھ قائم کردیئے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ سعودی عرب روانگی کیلئے عازمین حج کا پی سی آر (منفی) ٹیسٹ سرٹیفکیٹ لازمی ہو گا جبکہ پی سی آر ٹیسٹ کے واجبات 4250 روپے عازمین حج کو خود دینا ہوں گے۔