جیل چورنگی کے قریب آتشزدگی کا نشانہ بننے والے ڈیپارٹمنٹل اسٹور کے مالک خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔
ایف آئی آر فیروز آباد تھانہ میں پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعات 322، 420 اور 34 کے تحت درج کی گئی ہے۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) حکام نے متعلقہ حکام کو خط لکھ دیا ہے جس کے مطابق عمارت کی کار پارکنگ کی جگہ گودام کے لئے غیر قانونی طور پر استعمال کی۔
خط کے متن میں لکھا گیا کہ ڈیپارٹمنٹل اسٹور میں آگ لگنے کے باعث ایک شخص جاں بحق جب کہ متعدد افراد زخمی ہوئے جس کے تحت اسٹور کے تمام مالکان کو مقدمے میں نامزد کیا جائے۔
جیل چورنگی کے سُپر اسٹور میں بدھ کی صبح 11 بجے لگنے والی آگ پر 80 فیصد قابو پا لیا گیا ہے۔ آگ بیسمنٹ میں واقع اسٹور کے ویئر ہاؤس میں لگی جسے بجھانے کیلئے فائر بریگیڈ، پاک بحریہ کے فائر ٹینڈرز مصروف تھے۔
آگ لگنے کے بعد ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب، ضلعی انتظامیہ کا عملہ، ریسکیو ادارے، پولیس اور رینجرز اہلکار موقع پر پہنچے اور 15 منزلہ رہائشی عمارت کو مکمل طور پر خالی کرالیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز جیل چورنگی ڈیپارٹمنٹل اسٹور پر گذشتہ روز آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں بالائی منزل پر پھنسا ایک نواجوان جاں بحق ہوا تھا۔