اسلام آباد:وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے عمران خان اورآصف زرداری کی لیک آڈیو کو درست قرار دے دیا اور کہا کہ عمران خان کلمہ پڑھ کر آڈیو ٹیپ کو جھوٹا کہہ دیں۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج سد اصغرعلی نے نوری آباد پاور پلانٹ ریفرنس کی سماعت کی، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
عدالت نے نیب قوانین میں ترمیم کے باعث سماعت بغیر کارروائی 16 جون تک ملتوی کردی۔
بعدازاں عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ نوری آباد منصوبے میں ایک روپے کی کرپشن نہیں ہوئی، نیب افسران اب غلط کیسز بنانے پر 5 سال کی سزا بھگتیں گے ۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ نیب جھوٹے مقدمات بنانے کیلئے استعمال ہورہا تھا، قانون سازی سے نیب قوانین میں بہتری کی گئی، نوری آباد پاور پلانٹ کا جھوٹا کیس بنایا گیا، ہر پیشی پر کراچی سے اسلام آباد آتے ہیں، یہ اخراجات نیب سے وصول کریں گے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ عارف علوی سے کہوں گا کہ پی ٹی آئی ورکر نہ بنے، صدر پاپند ہے آئین کے مطابق کہ وزیراعظم کی تجویزپرعمل کرے، پی ٹی آئی کا احتجاج پرامن نہیں تھا، یہ بغیر اجازت کے جلسے اور دھرنے دینا چاہتے ہیں۔
عمران خان اور آصف زرداری کی لیک آڈیو کو درست قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ عمران خان کلمہ پڑھ کر کہہ دیں کہ ملک ریاض سے رابطہ نہیں کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ جلاؤ گھیراؤ کرنے کا کسی کو اختیار نہیں، بلاول بھٹو زرداری نے کراچی سے اسلام آباد تک پرامن مارچ کیا۔