اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی بحالی اور بجٹ 23-2022 میں کٹوتی نہ کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن سے متعلق وزارت منصوبہ بندی اور خزانہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہائیرایجوکیشن کمیشن کو مسلم لیگ (ن) کے سابق دور کی طرز پر فعال بنایا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے بجٹ میں گزشتہ پونے 4 سال میں کٹوتیوں نے اعلیٰ تعلیم پر منفی اثر ڈالا ہے، اس عمل کو ریورس کیا جائے، ملک بھر کی یونیورسٹیوں میں تعلیمی پراجیکٹس کی بحالی پر توجہ مرکوز کی جائے ۔
شہبازشریف نے مزید کہا کہ اعلیٰ تعلیم کوعالمی معیار پراستوار کرتے ہوئے پروگرامز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے، ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے بجٹ میں کٹوتی نہ کی جائے، ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے وسائل میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے، اساتذہ اور طالب علموں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔