Aaj Logo

اپ ڈیٹ 29 مئ 2022 07:39pm

پاکستان تحریک انصاف نے نیب ترامیم کو چیلنج کرنے کا اعلان کردیا

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے نیب ترامیم کو چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔

سابق وزیرخارجہ اور پی ٹی آئی کے رہنماء شاہ محمودقریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت میں مختلف لوگ شامل ہیں، موجودہ حکومت کا نہ کوئی نظریہ ہے نہ ہی ایجنڈا، موجودہ حکومت نے خود ہی این آر او ٹو دیا ہے،غیر فطری سے نظام زیادہ دیرنہیں چلے گا، یہ عمران خان کو نیچا دکھانے کیلئے یکجا ہوئے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نیب ترمیم کی بینیفشری ایک ایلیٹ کلاس ہے، ترامیم کے بعد نیب بے معنی ہوگیا، نیب اب وفاقی حکومت کے تابع ہوگیا، ترمیم کے براہ راست بینیفشری شہبازشریف ہیں، ترمیم سے منی لانڈرنگ کیسز متاثرہوں گے۔

سابق وزیرخارجہ نے کہا کہ تحریک انصاف نیب ترامم کو چیلنج کرے گی، ترامیم کا مقصد ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت کو بچانا ہے، نیب ترامیم کا براہ راست فائدہ نوازشریف اور شہبازشریف کو ہوگا، بیرون ملک اثاثوں اور منی لانڈرنگ کیسز کو نیب ترامیم سے متاتر کیا گیا، غیر ملک سے حاصل ثبوت بھی اب نیب استعمال نہیں کرسکے گا، نیب قوانین میں ترمیم پر سپریم کورٹ ازخود نوٹس لے۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ آزادی مارچ کے شرکاء پر تشدد کیا گیا، ہمارے کارکنان کو نہ حق گرفتارکیا گیا، موجودہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، کورکمیٹی میں شفاف انتخابات کیلئے جدوجہد جاری رکھنے پر اتفاق ہوا، لڑائی، جھگڑا اور خون خرابہ ہماری پالیسی نہیں، کہا تھا کہ کارکنان کورہا اور کنٹینرز ہٹائے جائیں۔

Read Comments