ملتان: سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی عوام کو ان کے حکمرانوں کی وجہ سے دنیا میں ذلت ملی۔
ملتان میں جلسہ گاہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آج تک کوئی بڑا بزنس مین نہیں بنا جو نقصان سے ڈرتا ہو کسی فوجی نے بڑے تمغے نہیں لئے جو فوج سے ڈرتا ہو، صرف کرپٹ حکمرانوں نے ہمیں ایک خوف دلایا ہوا ہے کہ جب تک آپ امریکا کے جوتے پالش نہیں کرتے آگے نہیں بڑھیں گے۔
Click to see more سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانیوں کو حکمرانوں کی وجہ سے دنیا میں ذلت ملی ہے، اللہ سے کہا جب بھی مجھے موقع دے گا قوم کی عظمت کو اٹھاؤں گا اور کبھی اپنی قوم کو کسی کے سامنے نہیں جھکنے دوں گا اسی لئے میرے خلاف یہ سازش کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ 30 سال سے ملک لوٹنے والوں نے سازش کی، ان لوگوں نے پوری کوشش کی کہ انہیں کسی طرح این آراو دے دوں، کبھی لانگ مارچ، کبھی اسمبلی اور میڈیا پر میرے خلاف زاتیات اور گھٹیا قسم کی زبان استعمال کرکے برا بھلا کہا گیا، صرف اس لئے کہ میں ان کے کرپشن کے کیسز معاف کردوں۔
عمران خان نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف نے ان کے سارے کیسز معاف کردیئے، ان کے دور میں جو کرپشن کے کیسز بنے جنہیں معاف کرانے کے لئے ان لوگوں نے مجھے بلیک میل کرنے کی کوشش کی اور اگر ان کے کیس معاف کرتا تو اس کا مطلب میں بھی کرسی کی سیاست کرنے آیا تھا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ لندن میں بھگوڑا بیٹھا ہوا ہے، کبھی کوئی انسانی معاشرہ گیدڑ کو بھی لیڈر مانتا ہے، مشرف نے جب اسے جیل میں ڈالا تو زرداری نے کہا کہ اٹک جیل میں نوازشریف کے آنسوؤں سے ٹشو پیپرز ختم ہوگئے ہیں، مشرف نے اسے باہر بھیج کر ظلم کیا۔
عمران خان نے کہا کہ نواز شریف اس بار پھر جھوٹ بول کر اور ڈرامہ کر کے باہر چلا گیا، ہمیں بتایا گیا یہ شاید جہاز میں بھی نہ بیٹھ سکے، شیریں مزاری کابینہ میں رونا شروع ہوگئی کہ خدا کے واسطے اسے جانے دیں لیکن بعد میں جہاز کی سیڑھیوں پر ایسے چڑھا جیسے اولمپکس میں ٹریننگ کیلئے جارہا ہو۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے لاہور ہائیکورٹ میں گارنٹی دی کہ نواز شریف واپس آجائے گا، شہبازشریف کو جھوٹا حلف نامہ جمع کرانے پر سزا ملنی چاہئے، پھر ان کے ساتھ وہ مل گیا جس کی قیمت بڑھانے کے لئے بات ہورہی ہے، یہ اتنی ڈرپوک حکومت ہے کہ تیل کی قیمت بڑھانے سے ڈر رہے ہیں، یہ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلا کر تیل کی قیمتوں میں اضافے کی ذمہ دار فوج کو ٹھہرانے چاہتے ہیں۔
سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب سے نکلے گئے تمام لوٹے نا اہل ہوچکے ہیں، اب مافیاز کی قبریں کھد رہی ہیں، ملکی سیاست پر جن خاندانوں نے قبضہ کیا ہوا تھا ان سب کا وقت ختم ہوگیا ہے، اب قوم جاگ چکی ہے اور اب اسلام آباد میں سمندر آنے والا ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ کہتے ہیں شہبازشریف صبح سات بجے جاگ جاتا ہے تو میرا مالی بھی صبح 6 بجے اٹُھ جاتا ہے، صبح جاگنے سے کیا ہوتا ہے ڈالر 200 پر پہنچ گیا ہے، حمزہ وزیراعلی بنا تو مرغیاں مہنگی ہوگئی ہیں، ایک سزا یافتہ ملک کے فیصلے کررہا ہے، روپے کی قیمت گرنے سے مہنگائی آنے والی ہے، ساری چیزیں مہنگی ہونے والی ہیں، جتنی دیر یہ رہیں گے یہ ملک کو سری لنکا بنادیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ (ن) لیگ کے گزشتہ روز ہونے والے جلسے میں مریم نواز نے اس جنون سے میرا نام لیا، مریم دھیان کرو، تمہارا خاوند ہی ناراض نہ ہوجائے، ایک بات واضح ہے کہ ہمارے آنے سے پہلے ہی ان پر کرپشن کے کیسز بنے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام غریب اقوام میں ایک چیز مشترک ہےکہ صرف چھوٹے چور ہی جیل جاتے ہیں، ہمارے ملک میں بڑے ڈاکو ایوانوں میں اور چھوٹے چور جیل جاتے ہیں، 8 دن جیل میں رہا تو کوئی بڑا ڈاکو نظر نہیں آیا لیکن جب نیشنل اسمبلی جاتا تھا تو بڑے بڑے مجرم و ڈاکو نظر آتے تھے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ اسلام آباد مارچ سے متعلق تاریخ کی اعلان پرسوں کروں گا، ایک دو دن ہیں، سب تیاری کرلیں، پنڈی پاس ہے، ہمارے فوجی بھی جلسہ میں آنے کے لئے تیار ہیں، پاکستان تو چھوڑیں دنیا میں کبھی اتنا بڑا انسانوں کا سمندر نہیں آیا ہوگا۔