اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے آبی وسائل اور رہنما پیپلز پارٹی (پی پی) خورشید نے آئندہ عام انتخابات میں عمران کے خلاف گرینڈ الیکشن الائنس بنانے کا عندیہ دے دیا ہے۔
ایک بیان میں خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اتحادی حکومت الیکشن میں جانےکے لیے تیارہے، ہم خوشی سے اقتدار میں نہیں آئے بلکہ سب نے عمران سے جان چھڑانے کی منت کی تھی جس کے بعد ہم نے آئینی طریقے سے عمران خان کو نکال کر ملکی مسائل کا پورا وزن اپنے اوپر لیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے خلاف بڑی سازش تیار کی جارہی ہے جس کے تحت ملک کو اندھیروں کی کھائی میں دھکیلا جا رہا ہے، یہ سازش 40 برس پہلے کی ہے جس میں عمران خان کو تیار کیا گیا اور ہوسکتا ہے ورلڈ کپ جتوانا بھی سازش کا حصہ ہو۔
خورشید نے مزید کہا کہ کون سمجھتا ہے اگلا الیکشن آسان الیکشن نہیں ہوگا، لوگ کفن باندھ کر نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معزز جج صاحبان سےگزارش ہے خدارا پاکستان کے لیےسوچیں، ٹرانسفر پوسٹنگ عدلیہ کا کام نہیں بلکہ عدالت کا کام عوام کو انصاف دینا ہے۔
پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ صدارتی نظام کسی صورت نہیں آئے گا، اسے لانے کے لئے آئین کو ختم کرنا ہوگا جب کہ آئین آرڈیننس سے ختم نہیں ہوتا۔